اسلام آباد: بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کے باعث اپنے جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا موقع گنوا دیا۔
عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی مخلصانہ پیشکش کی گئی، لیکن بھارت نے پاکستانی پیشکش پر بھی شرائط عائد کیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق کلبھوشن یادیو سے ملاقات کیلئے مجوزہ وقت سے محض دو گھنٹے پہلے بھارت نے پاکستانی پیش کش پر اپنا جواب بھیجا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے جاسوس کلبھوشن یادیوں تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی چاہتا ہے۔
کلبھوشن یادیو ایک جاسوس اور بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر ہے، اس لیے کسی بھی قانون کے تحت جاسوس تک بغیر رکاوٹ رسائی نہیں دی جاسکتی۔
پاکستان ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا احترام کر تا ہے، پاکستان نے ملکی قوانین کے تحت بھارت کو کمانڈر کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پیشکش کی۔ پاکستان نے واضح کیا تھا کہ ملاقات آج بروز جمعہ سہ پہر تین بجے کرائی جائے گی، تاہم بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے اپنے جاسوس سے ملاقات کا پہلا موقع گنوادیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی (بغیر روک ٹوک کے رسائی کی) فرمائش اور آئندہ بھارتی جاسوس تک قونصلر رسائی کیلئے نئی تاریخ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ جامع مشاورت سے ہوگا۔
Comments are closed.