مراد علی شاہ کیلئے مشکل۔۔ سپریم کورٹ نے نااہلی کیس میں نوٹس جاری کردیا

اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی مشکل میں پھنس گئے، سپریم کورٹ نے ان کی دہری شہریت کے معاملے پر نااہلی کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔

مراد علی شاہ کی نااہلی سے متعلق نظرثانی درخواست پر سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی،  بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اورجسٹس عمرعطا بندیال بھی شامل تھے۔ روشن علی بریرو نے مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامے کی بنیاد پر نااہلی کیلئے نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل حامد خان نے موقف اپنایا کہ مراد علی شاہ کو دوہری شہریت پر سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا، انہوں نے 2013 کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے رجوع نہیں کیا، اس لیے ان کی نااہلی کا فیصلہ حتمی ہوُچکا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کیلئے عدالتی ڈیکلریشن چاہیے، جس پر بینچ کے سربراہ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ڈیکلئریشن ہے، ہر امیدوار اپنی اہلیت کا بیان حلفی ریٹرننگ افسر کو جمع کراتا ہے، جھوٹا بیان حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ مراد علی شاہ نے 2013 کے الیکشن میں جھوٹا بیان حلفی دیا، انہوں نے کینیڈین شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ بھی جمع نہیں کرایا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے ابتدائی سماعت کے دوران دلائل سننے کے بعد مراد علی شاہ کی نااہلی کے لئے دائر نظرثانی درخواست باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرلی، تین رکنی بینچ نے دو ایک کے تناسب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو جاری کر دیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اس سے قبل روشن علی بریرو کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کے لئے دائر مرکزی درخواست خارج کر دی تھی۔

Comments are closed.