راولپنڈی: پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو مسترد کرنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے کی بھرپور تائید کا اعلان کیا ہے، سپہ سالار نے واضح کردیا کہ کشمیریوں کی جائزجدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے ہرحد تک جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کشمیرکے یک نکاتی ایجنڈے پر غور کے لیے کور کمانڈرز کانفرنس راولپنڈی میں ہوئی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باوجوہ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کشمیرکی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے بھارتی اقدامات کو مسترد کرنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے کی بھرپورتائید کی۔ کورکمانڈرز نے متفقہ قراردیا کہ پاکستان نے کبھی بھی جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط کوقانونی بنانے والے آرٹیکل 370 یا 35 اے کو تسلیم نہیں کیا، بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کر دیا کہ پاک فوج کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی تک اُن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج اپنی اس ذمہ داری کونبھانے کیلئے مکمل تیارہے اوراس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائے گی۔
Comments are closed.