نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے ایل این جی کیس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اورسابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی ایل این جی کیس میں ضمانت مستقلی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔

مفتاح اسماعیل کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نیب طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے جو انصاف کا قتل ہے، اگر پاور کا استعمال مذموم مقاصد کے لیے کیا جائے تو اسے بدنیتی تصور کیا جائے گا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا کہ کیا مفتاح اسماعیل نے ایل این جی کے معاہدے میں قیمت پر مذاکرات نہیں کیے تھے؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ قیمت طے کرنے کے لیے 8 رکنی کمیٹی تھی جس کے ایک رکن مفتاح اسماعیل بھی تھے، ایل این جی لینے اور قطر سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ مفتاح اسماعیل کے چارج سنبھالنے سے پہلے ہوا۔ ایل این جی ٹرمینل بعد میں قائم ہوا جس کے لیے موجودہ حکومت نے زیادہ قیمت ادا کی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ آپ نے کم اور موجودہ حکومت نے زیادہ نقصان کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ایل این جی معاہدے کے تحت زائد قیمت طے کر  کے ڈیڑھ ارب روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچایا گیا، جسٹس محسن کیانی نے ریمارکس دیئے کہ آج جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں کیا کل وہ بھی ملزم ہوں گے؟ آج اگر ایل این جی کے معاہدوں پر دستخط کریں گے کل وہ بھی ملزم ہوں گے؟

دلائل کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم نے موجودہ حکومت کی ٹرمینل تھری کی سمری بھی منگوا لی ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا اب حکومت ہر کام کے لئے نیب سے این او سی لے گی؟ کیا وزیر پٹرولیم اپنی سمری وزیراعظم کے بجائے چئیرمین نیب کو بھیج دیا کریں؟ موجودہ حکومت اس معاملے پر کیا کر رہی ہے؟ اگر خزانے کو نقصان ہو رہا ہے تو یہ حکومت کیوں نہیں روکتی؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کیس میں طے کر دیا کہ نیب مقدمات میں غیرمعمولی حالات کے بغیر ضمانت قبل از گرفتاری نہیں مل سکتی۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی ضمانت مستقلی کی درخواستیں مسترد کردیں، کمرہ عدالت سے نکلتے ہی نیب حکام نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سابق ایم ڈی پی ایس او کو گرفتار کر لیا۔

Comments are closed.