فواد چوہدری کا بھارت کو اوقات میں لانے کیلئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مشورہ

 اسلام آباد: وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ہٹ دھرم بھارت کو اس کی اوقات میں لانے کے لئے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مشورہ دے دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب بھارت پاکستان سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتا تو دونوں ممالک اپنے سفرا کو واپس بلوا لیں، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کا بچہ بچہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اس کا مقابلہ کرے گا۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ درخواست کرتا ہوں کہ ہمارے بچوں کے خون پر سیاست کرنا بند کردیں۔

فواد چوہدری نے جذباتی انداز میں اپنی تقریر کے دوران کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہمارا بچہ بچہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہندوستان سے بات ہو ہی نہیں سکتی تو پھر ایک دوسرے کے سفرا کو رکھ کر اخراجات کیوں کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا میں ایوان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کشمیر کو فلسطین نہیں بننے دینا چاہیے، آج بھارت بھی کشمیریوں کے ساتھ ایسا ہی کر رہا ہے جیسا فلسطین میں اسرائیل نے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کشمیر کے معاملے پر اپنی ذمہ داری ادا کرے، کیونکہ اگر یہ جنگ ہوئی تو اس کی حدت پوری دنیا کی ممالک کے دارالحکومت محسوس کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں جنگ اور امن دونوں کے لیے تیار رہنا چاہیے، ہندوستان کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم پہلے بھی کشمیر کے لیے کٹ مرے تھے اور کل بھی کٹ مریں گے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ میں ایک گاؤں میں گیا جہاں ایک 23 سالہ نوجوان کو مارٹر لگا تھا، اس کی والدہ کے آنسو بہہ رہے تھے۔

Comments are closed.