راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے مختلف کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے تاہم پاکستانی افواج ایسی کسی بھی بھارتی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ماضی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے عید الاضحیٰ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے سیکٹر باغ کا دورہ کیا اور عید فوجی جوانوں کے ساتھ منائی، آرمی چیف نے باغ سیکٹر میں عید کی نماز اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ ادا کی۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر کثیرالجہتی کاوشیں کیں اور بحران کے حل کےلیے مختلف اقدامات کیے ہیں، مسئلہ کشمیر ہمارے لیے ایسے ہی اہمیت رکھتا ہے جیسے امن کی خواہش، امن کی خواہش کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں اور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کا ہتھکنڈا استعمال کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے تاہم پاکستانی افواج ایسی کسی بھی بھارتی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور قربانیاں دیتے رہیں گے، بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے سنگین جرائم کی پردہ پوشی نہیں کرنے دیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے، سچ کے لیے استقامت اور قربانی بھی سکھاتا ہے، پاک فوج عید قرباں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر کے باسیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہٹا کر ایل او سی اور پاکستان پر مرکوز کرانا چاہتا ہے تاہم جتنا وقت، جتنی کاوشیں درکار ہوں کریں گے اور ان شاء اللہ ہر چیلنج پر پورا اتریں گے۔
Comments are closed.