کشمیرمیں بھارت نے انسانیت کی تذلیل کرکے علاقائی امن خطرے میں ڈال دیا، وزیراعظم

یوم آزادی خوشی کا دن مگر ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یوم آزادی خوشی کا دن ہے مگر ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں، ہمارے کشمیری بہن بھائی بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ بھارت نے انسانیت کی تذلیل کی تمام حدیں پار کرکے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اندرون و بیرون پاکستانیوں کو مبارکبادی پیغام میں کہا آج ہم سب اس عزم کا اعادہ کریں کہ ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے تحفظ کے لیے قربانیاں پیش کیں،14اگست کا دن ہمیں ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یوم آزادی ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار ریاست بنانے کا جذبہ دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پیش نظر ایک ترقی پسند پاکستان کا تصور تھا،ایسا پاکستان جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کی جا سکے، قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کی بالادستی اور ریاست و عوام میں احساس کا بندھن ہو، فلاحی اسلامی ریاست کے حصول کے لیے ہمارے لیے قابل تقلید نمونہ ریاستِ مدینہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قائداعظم کے اصولوں کو اپنا کر ملک کو درپیش مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے، آئیں پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم دہرائیں، وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر وطن عزیز کے دلیر سپوتوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ  دلیر سپوتوں نے اپنا لہو دیکر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی خوشی کا دن ہے مگر ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں، ہمارے کشمیری بہن بھائی بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ نہتے کشمیریوں پر سنگین بھارتی مظالم نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں۔ بھارت نے انسانیت کی تذلیل کی تمام حدیں پار کرکے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات سے دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی، کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان اور اس کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔

Comments are closed.