اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 5 دہائیوں بعد سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر پراجلاس بلانا پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بھارت کے اس دعوے پر کاری ضرب ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے۔ پانچ دہائیوں کے بعد سلامتی کونسل کا تنازعہ کشمیر پر اجلاس بلانا پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔ روس نے بھی پاکستان کے مطالبے کی تائید کی۔ مہذب دنیا مودی کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام کانوٹس لے رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہٹلر نے ایک نسل کو جس طرح اپنے ظلم اور بربریت کی بھینٹ چڑھایا، خاکم بدہن مودی اسی طرح کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے۔ مودی اپنے سیاہ اقدام سے ان عزائم کی تکمیل چاہتا ہے جس کا آغاز اس نے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام سے کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی وکالت کرے گا تاکہ بھارت کو مجبور کیا جاسکے کہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہوسکے۔
Comments are closed.