اسلام آباد:علاقائی امن اور استحکام کا دشمن بھارت جنگی جنون سے نہ نکل سکا۔ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ بڑھ گیا۔ ایل او سی بھارتی جارحیت سے دو شہریوں اور فوجی جوان کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
بھارت دنیا میں امن کا دشمن بن کر ابھرنے لگا ہے، آئے روزکنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ بھارتی دہشت گرد فوج کی فائرنگ سے دو مزید معصوم شہری جبکہ ایک فوجی جوان کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلو والیا کو طلب کرکے بھارتی جنگی جنون پر شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ خلاف ورزیاں لیپا اور بٹل سیکٹر میں کی گئیں، بھارتی خلاف ورزیوں میں شہری محمد عزیز اورمحمد منیب شہید ہوئے جبکہ پاک فوج کے سپاہی رمضان نے جام شہادت نوش کیا، بھارتی قابض افواج مسلسل ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے 2003 کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے علاقائی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں، یہ تزویراتی غلطی کا باعث بن سکتی ہیں، ڈی جی جنوبی ایشیاء نے بھارت کو اپنی مسلح افواج کو جنگ بندی کا احترام کرنے کا کہا اور ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر امن کو بحال رکھنے کا پابند بنانےکی ہدایت کی، ڈاکٹر فیصل نے بھارت کو اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود مینڈیٹ کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دینے کے لئے بھی دباؤ ڈالا۔
Comments are closed.