اسلام آباد: بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر پر حملے سے متعلق قیاس آرائیوں پرپاک فوج کی جانب سے بڑا بیان سامنے آیا ہے، میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت آزادکشمیر کو بھول جائے اب تو اس سے پرانا قبضہ چھڑانے کا وقت ہے، آخری جوان اورآخری گولی تک لڑیں گے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے جائزہ کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہوا جس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ اقدام سے سرد خانے میں پڑا مسئلہ کشمیر پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بن گیا۔ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششیں کر رہا ہے، پاکستان کی جانب سے موجودہ صورتحال میں سرحد پار کاروائی کشمیر کاز سے غداری ہو گی۔
بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر حملے اور قبضے کے بھارتی بیانات سے متعلق سوال پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ قوم تسلی رکھے، آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ مخفوظ ہے، مسلح افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور قوم کو مایوس نہیں کریں گی۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ جیسا پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کہہ چکے ہیں پاکستانی مسلح افواج دفاع وطن کے لئے ہر حد تک جائیں گی، اگر بھارت نے ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو اس کو بھرپور ‘سرپرائز’ دیں گے۔ بھارت آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی کو تو بھول جائے، اب تو پہلے کا قبضہ چھڑانے کا وقت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین روز میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا، دو روز قبل بھارت کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے، بھارت کی جانب سے شہری آبادی پر فائرنگ و گولہ باری کا محتاط طریقے سے جواب دے رہے ہیں، جس سے بھارتی افواج کی متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
Comments are closed.