بزدل بھارتی فوج کا سول آبادی پر راکٹوں سے حملہ، 2 شہری شہید، جوابی کارروائی میں 2 بھارتی فوجی ہلاک

راولپنڈی: مقبوضہ وادی میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بھارت نے سرحدی اشتعال انگیزیاں بڑھا دیں۔ بھارتی فوج نے ایل او سی پر راکٹس اور میزائلوں سے سول آبادی کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں دو شہری شہید ہو گئے۔ پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دو بھارتی فوجی جہنم واصل کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ بزدل بھارتی فوج نے سول آبادی کو راکٹوں اور گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو معصوم شہری شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 75 سالہ لال محمد اور 61 سالہ حسن دین شامل ہیں۔ جن کا تعلق گاؤں ناگرئی سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا گیا، پاک فوج نے فائرنگ کرنے والی دشمن کی چوکی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجیوں کے ہلاک جب کہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے، غاصب بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، بھارت کے معصوم کشمیریوں پر مظالم کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کشمیریوں پر جبرو استبداد سامنے آنے اور دنیا کے سامنے بے نقاب ہونے پر بھارت  سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

Comments are closed.