بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہریوں کی شہادت، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلب

اسلام آباد: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے شہریوں کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروآہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی  پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا اور قرار دیا کہ  بھارتی فوج کی جارحیت علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔

دفترخارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے خبردار کیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر مسلسل فائرنگ علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے، بھارت اپنی فوج کو جنگ بندی معاہدے کا پابند بنائے۔

ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نےبھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے کہا بھارت اپنی فوج کو 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا پابند کرے، شہری آبادی پر بار بار بلااشتعال فائرنگ کی تحقیقات کرائی جائے ، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے ۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی گولہ باری سے 2 بےگناہ شہری شہید جبکہ 7 سالہ معصوم بچہ شدید زخمی ہوا ۔ ترجمان کا کہنا ہےکہ سول آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انسانی اقدار کے منافی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

Comments are closed.