جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری، فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں5 ستمبر تک توسیع

اسلام آباد: احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپورکے جوڈیشل ریمانڈ میں 5  ستمبر تک توسیع کر دی۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں پارک لین ریفرنس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ہوئی، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر کے اونچی آواز میں بات کرنے پر فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

دوران سماعت آصف علی زرداری نےشکایت کی کہ جیل والےبہت تنگ کرتے ہیں ، نماز بھی نہیں پڑھنےدیتے۔ سابق صدر کے وکیل لطیف کھوسہ نےموکل کی بیماریوں کا ذکر کرتے ہوئے اے کلاس دینے کی درخواست کی ۔ فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی قرآنی آیات سننے کیلئے آئی پوڈ کی استدعا کی تو فاضل جج نے کہا پہلے جیل حکام سے اجازت لیں۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے نئی درخواستوں پر بات شروع کی تو جج محمد بشیر نے کہا جب آپ کہہ چکے ہیں کہ یہ آپ سےمتعلقہ معاملہ نہیں تو موقف کیوں سنیں ؟ نیب پراسیکیوٹر بولے آپ کیسی بات کررہے ہیں ، نیب ٹیم آفیسرز آف دی کورٹ ہے،عدالت کو موقف سننا ہوگا۔

جج محمد بشیر نے سردار مظفر کے اونچی آواز میں بولنے پر برہمی کا اظہار کیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نےمعافی مانگ لی ۔ عدالت نے 17 میں سے 11 ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرتے ہوئے سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔

Comments are closed.