احتساب عدالت نے مریم نواز، یوسف عباس کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا

نیب نے مریم نواز کو حصص منتقلی سے متعلق تفتیشی رپورٹ عدالت نے جمع کرا دی

لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو14  روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور یوسف عباس کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، ڈیوٹی جج نعیم ارشد نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔ ان کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ احاطہ عدالت کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کو شیئرز منتقلی سے متعلق تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت استدعا کی گئی کہ ملزمان سے تفتیش کے لئے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے، وکیل صفائی امجد پرویز نے نیب کی درخواست کی مخالفت کی۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز اور یوسف عباس کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

مریم نواز کو حصص منتقلی سے متعلق تفتیشی رپورٹ جمع

نیب کی جانب سے جمع تفتیشی رپورٹ میں مریم نواز کو منتقل حصص کی تفصیلات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مریم نواز کو 2008 میں سعید سیف بن جبر اسدی کی جانب سے 94 لاکھ 9 ہزارشیئر منتقل ہوئے، شیخ زکا الدین نے 20 لاکھ 21 لاکھ 760 شیئرز منتقل کیے۔

ہانی احمد جمون نے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کو97 ہزار شیئرز منتقل کیے، 2010 میں مریم نواز نے یوسف عباس کو 70 لاکھ جب کہ نواز شریف کو 50 لاکھ شیئرز منتقل کیے۔ 2013 میں یوسف عباس کو بیرون ملک سے 13 کروڑ روپے کی رقم منتقل کی گئی، یہ رقم 5 ٹرانزیکشن کے ذریعے ایک ہی بنک میں منتقل کی گئی۔

عدالت کے باہر لیگی کارکنان اور پولیس اہلکار آمنے سامنے

مریم نواز کی روانگی کے بعد عدالت کے باہر اس وقت شدید بدنظمی دیکھنے کو ملی، جب لیگی کارکنوں نے زبردست احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے ن لیگ کے کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ کارکنوں کی پکڑ دھکڑ دیکھ کر کیپٹن (ر) صفدر نے پولیس اہلکار سے ڈنڈا چھین لیا، پیچھے کھڑے دوسرے اہلکار نے کیپٹن (ر) صفدر سے ڈنڈا واپس چھین لیا، ایس پی سٹی نے معاملہ رفع دفع کرایا۔

Comments are closed.