سلیکٹڈ حکومت نے خارجہ پالیسی برباد اور ملک کو تنہا کر دیا، بلاول بھٹو زرداری

اسکردو: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلکٹڈ حکومت نے ملک کی خارجہ پالیسی برباد کرکے رکھ دی اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھرمیں تنہا ہو رہا ہے۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے اپنے ایک سالہ دور حکومت میں خارجہ پالیسی اور معیشت کو تباہ کردیا ہے، آج ایک طرف ملک کی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی ہے اور دوسری طرف پاکستان کو سفارتی سطح پر دنیا میں پاکستان کو تنہا کردیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے وعدے کرنے آسان ہیں لیکن وعدے جھوٹ پر مبنی ہوں تو نبھانے مشکل ہوتے ہیں، عمران خان اقتدار ملنے سے پہلے کہتے تھے کہ خود کشی کرلوں گا مگر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا لیکن انہوں نے  ایک سال مین اتنا زیادہ قرض لیا کہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا لیکن لوگوں سے روزگار تک چھین لیا، گھر دینےکا وعدہ کیا لیکن تجاوزات کے نام پر لوگوں سےگھر چھین لئے، ڈالرز کی بارش تو دور کی بات آج ڈالر 160 روپے کا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا حکومت میں آیا تو کرپشن ختم کردوں گا اور غیرجانبدارانہ احتساب کروں گا،  لیکن یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ 30 ارب کی پشاورمیٹرو 100 ارب کی ہوگئی اور کوئی پوچھنے والا نہیں، مالم جبہ کی کرپشن کی فائل چھپا دی جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  دوسری جانب بغیر کسی ثبوت کے پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیا، یہ کیسا انصاف ہے کہ اپوزیشن انتقام کا نشانہ ہے اور خواتین کو بھی جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، نیب گردی اوراحتساب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتا، عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا۔

Comments are closed.