بھارتی رویے سے پیدا حالات علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، پاکستانی سفیر

واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر اسد مجید کا کہنا ہے کہ بھارت کے رویے سے پیدا ہونے والے حالات علاقائی امن اور سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ عالمی برادری بھارتی فوج کے ہاتھوں 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کیے جانے کا نوٹس لے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ تشویش مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پر ہے، جہاں بھارت نے 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے، مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل میں گئے اور دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کرائی۔ بھارتی رویے سے پیدا ہونے والے حالات خطے میں امن اور سیکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں،

پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں جو رویہ روا رکھا ہے اسے دنیا دیکھ رہی ہے، امریکی ہاؤس انٹیلی کمیٹی کے چیئرمین سمیت تمام لوگ تشویش کااظہار کررہےہیں، امریکی صدر کو بھی کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے، جب کہ امریکی صدر تو تین بار مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجی تعینات اور حریت اور سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔

Comments are closed.