بھارت مکا دکھائے گا توپاکستان اس کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، بھارت جنگ چاہتا ہے تو اس کے لیے تیار ہیں، مودی سرکار مکا دکھائے گی تو اس کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا سفارتی اور سیاسی نظریہ بالکل صحیح ہے، ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم کا دورہ امریکا بہت سود مند رہا، سلامتی کونسل نے کشمیرکو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کیا، امریکی صدر نے عمران خان اور مودی سے 2،2 بار بات کی، ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانس میں بھارت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم 27 ستمبر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، بھارت امن چاہتا ہے تو امن دکھائیں گے، جنگ چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی تیار ہیں، بھارت سے تین جنگیں لڑچکے، چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، ہمارا بچہ بچہ جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے، آپ ہمیں مکا دکھائیں گے تو ہم آپ کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ کشمیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے انسانیت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر میں کرفیو ہے، لوگوں کو باہر نہیں نکلنے دیا جا رہا، دنیا دیکھ رہی ہے 80لاکھ افراد جیل کی طرح پڑے ہیں، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں زندگی تنگ کردی ہے، مودی سمجھتا ہے کہ کشمیر پر لکیر لگانے سےعلاقہ بٹ جائےگا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل اس لیے بنایا ہوا ہے کہ باہر کی دنیا کو کچھ پتا نہ چلے لیکن مودی بری طرح پھنس گیا ہے۔ عالمی آزاد میڈیا مودی کے اقدامات کو نازی جرمنی سے تشبیہ دے رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا میں اب کوئی اسلامی بلاک نہیں رہا، اسلامی ممالک انتشار کا شکار ہیں، یواےای آج جس مقام پر ہے اس میں پاکستان کا بھی کردار ہے، یو اے ای کی جانب سے مودی کو ایوارڈ دینے سے پاکستان میں مایوسی ہوئی۔

Comments are closed.