تکبر میں مودی نے بڑی غلطی کردی،کشمیریوں کو آزاد ہونے کا تاریخی موقع مل گیا، وزیراعظم
آخری پتا کھیلنے کے بعد بھارت کشمیر میں کچھ نہیں کرسکتا، اب جو کریں گے ہم کریں گے، عمران خان
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تکبر نے بڑے بڑے حکمرانوں کو تباہ کیا، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی تکبر میں غلطی کر دی ہے، جس سے کشمیریوں کو آزاد ہونے کا تاریخی موقع مل گیا ہے۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ‘میں آج صرف کشمیر کی صورتحال پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب تک کیا کیا گیا اور آئندہ کیا کرنا ہے، کشمیر پالیسی کا فیصلہ کن وقت آ گیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ اپنے تمام ہمسایوں سے اچھے اور پرامن تعلقات رکھیں۔ اقتدار سنبھالا تو بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ تعلقات کی بحالی کیلئے ایک قدم بڑھائیں تو ہم دو قدم بڑھائیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی طرح بھارت میں بھی بیروزگاری اور غربت کے مسائل ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ‘بھارت سے جب بھی مذاکرات کی بات کی کوئی نہ کوئی الزام لگا دیا گیا۔ بی جے پی کی انتخابی مہم مسلمانوں اور پاکستان کے مخالف تھی۔ وہاں الیکشن کے بعد پلوامہ کا واقعہ رونما ہوا تو بھارت نے اس کی تحقیقات کرانے کے بجائے الزام پاکستان پر لگا دیا۔ بھارت سے کہا اگر کوئی ثبوت ہے تو ایکشن لینے کے لیے تیار ہیں’۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات مل چکی تھی کہ بھارت نے پلوامہ جیسا حملہ کرنا ہے، ہم نے پوری دنیا کو تشویش سے آگاہ کر دیا تھا، سیکیورٹی کونسل میں 1965ء کے بعد کشمیر پر پہلی دفعہ اجلاس بلایا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کی تب ہم نے سوچا ایسے ماحول میں بھارت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ بھارت کی بھرپور کوشش تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے ساتھ نہرو کے وعدوں کی بھی خلاف ورزی کی۔ بھارت نے پانچ اگست کو پیغام دیا کہ ہندوستان صرف ہندوؤں کا ہے۔ ‘یہ آر ایس ایس کا نظریہ ہے، یہ نظریہ مسلمانوں کے مخالف تھا، اسی نظریے نے گاندھی کو قتل کیا۔ قائداعظمؒ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی کو سمجھ گئے تھے۔ کانگریس جماعت کے سابق وزیر نے کہا کہ آر ایس ایس کے لوگ دہشت گرد ہیں،آج یہی وہ آئیڈیالوجی ہے جو بھارت پر حکمرانی کر رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے آخری پتا کھیل دیا، اب وہ کشمیر پر کچھ نہیں کر سکتے، اب جو کچھ کرینگے وہ ہم کرینگے، ہم آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دینگے۔
وزیراعظم عمران خان نے ہر ہفتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک وادی کشمیر کی آزادی تک چلے گی۔ دنیا کو بھارتی مظالم اور آر ایس ایس آئیڈیالوجی سے آگاہ کریں گے۔
Comments are closed.