اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ کا وقت گزر گیا عمران خان اب ریجکیٹڈ وزیراعظم ہیں، دوسروں کو چور کہنے والے ڈاکوؤں کو ملک پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، وزیراعظم سمیت تمام وزراء کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں۔
اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے لیکن وزیراعظم اور وزیرخارجہ کشمیر کے معاملے پرسرگرم نظر نہیں آرہے، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم کو بیرون ممالک کے دورے کرنے چاہئیں لیکن اسلامی ممالک کا دورہ کرکے اسلامی سلامتی کونسل کو بلانے کی کوشش کیوں نہیں کی جارہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ آئے دن مریدوں کے جھرمٹ میں پریس کانفرنس کرتے نظر آتے ہیں لیکن انہوں نے چین کےعلاوہ کسی ملک کادورہ نہیں کیا، سنا ہے کہ بھارت کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کی جارہی ہے، لگتا ہے حکومت کو سمجھ نہیں آرہا کہ مسئلہ کشمیر پر کیا کرنا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا نعرہ فراڈ ثابت ہوا ہے، حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں، روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی سے کئی ہزار ارب کا قرضہ بڑھا، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو ریڈزون میں داخل کردیا جب کہ ناقص اقتصادی پالیسیوں نے معیشت کو بریک لگادی ہے۔حکومت ٹیکس جمع کرنے میں ناکام اور بے بس نظر آتی ہے، دنیا میں کوئی ایسی مثال نہیں ملے گی، معیشت ایک سال میں ساڑھے 3 فیصد گر جائے۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ایک سال میں پاکستان کا بجٹ خسارہ 8.9 فیصد تک پہنچ گیا، ٹیکسوں کی وصولی نہ ہونے پر قرضوں پر انحصار کرنا پڑتاہے، حکومت نے ایک سال میں 10 ہزار ارب روپے قرض لیے ہیں،اتنےقرضے ہم نے 5 سال میں لئے۔حکومت نے شرح سود میں بےپناہ اضافہ کیا جس سے معیشت کا بیڑاغرق کیا گیا، ایک سال میں بیرونی سرمایہ کاری میں 50 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے۔ حکومتی اخراجات بڑھ رہے ہیں لیکن آمدنی میں اضافہ نہیں ہورہا۔ صنعتی سیکٹر میں ترقی رُک گئی ہے اور کارخانے بند ہوگئے ہیں۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کا وقت گزر گیا عمران خان اب ریجکیٹڈ وزیراعظم ہیں، حکومتی پالیسیاں ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، موجودہ حالات میں حکومت کو گھر بھیجنا مسائل کا واحد حل ہے، اپوزیشن جماعتیں اس پر متفقہ لائحہ عمل بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کے پارٹی میں واپس آنے کا کوئی علم نہیں، چوہدری نثار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔
ن لیگ مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی و نالائقی پر بھنگڑے ڈال رہی ہے، تاریخی اعدادو شمار کے باوجود قرضے میں کمی نہیں کر سکی، عمران خان چور ہیں اس لئے لوگوں نے ٹیکس دینا چھوڑ دیا، ایک سال میں 20 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے، اسپتالوں میں مفت ادوایات کی سہولت ختم کر دی گئیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کاغذات لہرا کر وزرا کرپشن کا نیا ڈرامہ رچانا چاہتے ہیں، عدالتوں میں ثبوت کی بجائے واٹس ایپ پر جج تبدیل ہوتے ہیں، دوسروں پر چوری کا الزام لگانے والے ڈاکو ہیں، ان ڈاکوؤں کو ملک پر ڈاکا نہیں ڈالنے نہیں دیں گے، وزیراعظم سمیت تمام وزراء کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔
Comments are closed.