اسلام آباد: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ چار ستمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں مسئلہ کشمیر بھی بات چیت ہوگی ۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر بدھ کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان بھی 4 ستمبر کو پاکستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے جس میں وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی عرب اور یو اے ای کے وزرائے خارجہ کی پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور سمیت مختلف شعبوں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی جب کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور علاقائی امن و سلامتی کی مخدوش صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو منگل کو ایک بار پھر ٹیلی فون کرکے مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ عمران خان نے محمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دو ہفتوں میں یہ تیسرا رابطہ ہے۔
Comments are closed.