راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر کیا جانے والا ظلم ہمارے لیے آزمائش ہے، پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑے گا۔
یوم دفاع کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگاہ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی۔ یوم شہداء کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی،جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانا پڑھا گیا۔
تقریب کے آغاز پر شہداء کے والدین،ب یواؤں اور بچوں کے تاثرات پر مبنی دستاویزی فلم چلائی گئی، جس میں شہداء کے لواحقین نے مادر وطن کیلئے قربانیوں پر فخر اور مستقبل میں بھی ایسی کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے غیر متزلزل عزم و حوصلے کا اظہار کیا۔ شہداء کی ماؤں، بیواؤں اور بچوں کے تاثرات دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو زبردست خراج عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کیا،انہوں نے وطن عزیز کیلئے پیاروں کی قربانیاں دینے والے بہادر لواحقین کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ یوم دفاع و یوم شہداء کے موقع پر شہیدوں کے لواحقین سے بات کرنا باعث فخر ہے، شہداءکے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر اعتماد بڑھا ہے، انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر بقائے پاکستان کا سفر شہداء کی قربانیوں سے سجا ہوا ہے، قیام پاکستان کی جدوجہد میں ہمارے اسلاف کا لہو شامل ہے، جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان میں امن کی بہتر فضا ہے۔ پرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کیلیے لمحہ فکریہ ہیں۔ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ اس وقت تک رہے گا جس تک تنازعہ کشمیر کاحل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں ہوتا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑے گا، ہم آخری جوان، آخری گولی اور آخری سانس تک اپنا فرض ادا کریں گے اور کشمیر کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت بڑھتی جا رہی ہے، غاصب بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور بربریت عروج پر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، کشمیریوں پر کیا جانے والا ظلم ہمارے لیے آزمائش ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
Comments are closed.