وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کی تشویش کا خیرمقدم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی تشویش کا خیر مقدم کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میشیل باچلیٹ نے تشویش کا اظہار کیا ہے، اور بھارت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 6ہفتے سے جاری کرفیو کو ختم کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے بہیمانہ مظالم اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔

عمران خان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ اب عمل کا وقت آگیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر غیر جانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ خود اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اپنی گزشتہ 2 رپورٹس میں ایسا تحقیقاتی کمیشن بنانے کی سفارش کی تھی۔

Comments are closed.