سعودی عرب کا دوبارہ عمرہ ادائیگی پر عائد 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: سعودی حکومت کی جانب سے دوبارہ عمرہ کرنے والے معتمرین پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے دوسری بار عمرہ کرنے والے معتمرین پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی وزارت مذہبی امور کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے دوبارہ عمرہ ادائیگی پر لاگو فیس ختم کرنے کے سعودی حکومت کے فیصلے کی تصدیق اور خیر مقدم کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزارت مذہبی امور کی کاوشیں رنگ لے آئیں، سعودی حکومت کی جانب سے دوبارہ عمرہ پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان خوش آئندہ ہے، اس اقدام سے پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سال عمرہ ادائیگی کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے اور ہر سال تقریبا 16 لاکھ پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں، امید ہے اس شرط  کے ختم ہونے پرعمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاویز کرجائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے سال میں دوسری بارعمرہ کرنے والے معتمرین پر فی کس دو ہزار ریال ٹیکس عائد کیا تھا، اور نئی عمرہ پالیسی کے فوری نفاذ کے باعث عمرہ ویزوں کی منظوری بھی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے یکم محرم سے عمرہ زائرین سعودی عرب نہیں جا سکے کیونکہ پیکیج کے بغیر عمرہ ویزا دینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

Comments are closed.