راولپنڈی: جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کا امن پر پھر وار۔۔۔۔ دوسرے روزبھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار ناصرحسین اور 40 سالہ خاتون شہید جب کہ خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیرسیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار ناصر حسین جام شہادت نوش کرگئے۔
شہید کی عمر 33 سال اورتعلق نارروال سے تھا۔حوالدارناصر حسین شہید 16 سال سے پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ پاک فوج کی جانب سے دشمن کی جارحیت کا بھرپور انداز میں جواب دیا گیا، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں دشمن کی چوکی کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر کے سرحدی گاؤں بالاکوٹ پر بھی گولہ بار کی، جس کے نتیجے میں 40 سالہ خاتون فاطمہ بی بی بھی شہید ہوگئیں، اس کے علاوہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے اندروٹھ دریاڑی میں 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
زخمی خواتین کی شناخت نازیہ بی بی، گْل یاسمین، شاہ بیگم اور شمائلہ کے نام سے ہوئی، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، جسے کوٹلی ریفر کر دیا گیا۔ بھارتی گولہ باری سے 2 بھینسیں اور 2 بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بھی بھارتی فوج نے حاجی پیر سیکٹر کونشانہ بنایا تھا۔بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے سپاہی غلام رسول شہید ہوئے۔
Comments are closed.