پاکستانی وکلاء کی بھارت کے اندر کشمیر کیلئے قانونی جنگ لڑنے کی تیاری

اسلام آباد: پاکستانی وکلا نے کشمیر میں مظالم پر مودی سرکار کیخلاف بھارت کے اندر قانونی جنگ لڑنے کی تیاری کر لی۔ بھارتی سپریم کورٹ میں مودی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرآئینی اقدامات، مسلسل کرفیو اوروحشیانہ مظالم کے خلاف پاکستانی وکلا نے بھارتی سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔ اظہرصدیق ایڈووکیٹ اوردیگر وکلا کی جانب سے بھارتی سپریم کورٹ کو بھیجی گئی درخواست میں کہاگیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم کیا اور ناں ہی حالات معمول پر لانے کی کوشش کی گئی۔مودی سرکارعدالتی احکامات بھی نہیں مان رہی۔

درخواست میں پاکستانی وکلا کا کہنا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 32 کےتحت معاملے کا ازخود نوٹس لے۔ مودی سرکاری نے آئین کے مستقل آرٹیکل 370 کا غیرقانونی طور پرخاتمہ کیا۔ بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کے خاتمے کو کالعدم قرار دےاور کشمیریوں پر جاری مظالم رکوا کر وادی میں امن کا قیام یقینی بنائے۔

پاکستانی وکلا نے عدالت میں پیش ہونے کےلیے خصوصی اجازت دینے کی بھی استدعا کی ہے۔درخواست میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا بھی حوالہ دیا گیا۔

Comments are closed.