پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ دھماکہ، پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید

راولپنڈی: سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں کی کارروائیاں بند نہ ہوئیں، پاک افغان سرحد پر سڑک کنارے بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین شہید ہو گئے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق میجر عدیل حسین کی سربراہی میں اسکواڈ پاک افغان سرحد پر لگی باڑکا جائزہ لے رہے تھے کہ سڑک کنارے بارودی سرنگ کے دھماکے میں میجرعدیل حسین اورسپاہی فرازحسین نے جام شہادت نوش کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بارودی سرنگ سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں نے لگائی کیوںکہ ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد کا یہ علاقہ دہشتگردوں کی آمدورفت کا اہم روٹ تھا۔ میجر عدیل شہید کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ 23 سالہ سپاہی فرازحسین کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

Comments are closed.