دنیا ساتھ دے یا نہ دے،کشمیریوں کیساتھ ہیں، بھارتی مظالم ہرفورم پربے نقاب کریں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا کہ کشمیریوں پر ظلم و جبر کرنے والی فاشسٹ مودی سرکار کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔ دنیا ساتھ دے یا نہ دے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کیونکہ یہ ایک جہاد ہے۔

وزیراعظم عمران خان مشن کشمیر کو کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد امریکا سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر موجود شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔

ایئرپورٹ پر ہزاروں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مشن کشمیر کی کامیابی کیلئے عوام اور خاص طور پر اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بشریٰ بی بی نے بہت دعائیں کیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ 80 لاکھ کشمیریوں کو بھارت نے کرفیو محصور بنا رکھا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دنیا ساتھ دے یا نہ دے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کیونکہ یہ ایک جہاد ہے، ہم نے اپنے اللہ کو خوش کرنا ہے۔ دنیا کے فورم پر مودی سرکار کی فاشسٹ حکومت اور کشمیر میں مظالم کوبے نقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدوجہد اونچ نیچ کا نام ہے۔ قوم برے وقت میں مایوس نہ ہو، کوشش انسان کی ہوتی ہے، کامیابی اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔ ان شاء اللہ کشمیر کے لوگ آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 7 روز کا دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے گزشتہ شب روانہ ہوئے تھے، وہ نیویارک سے جدہ پہنچے جہاں مختصر قیام کے بعد وہ وطن روانہ ہوئے تھے۔

Comments are closed.