وزیراعظم کا اسلام آبادایئرپورٹ پرمسافروں سے بدسلوکی کا نوٹس، متعلقہ افسران معطل

محمد عمر جاوید

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی مسافروں کے ساتھ بدسلوکی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعقلہ افسران کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم عمران ریاض سے پشاور جانے والی پرواز کے اسلام آباد میں اترنے کے بعد ایئرپورٹ پر پیدا ہونے والی بدمزگی اور اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے مسافروں کے ساتھ بدسلوکی اور لڑائی جھگڑے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے ائیرپورٹ مینجرطاہر سکندر، ڈیوٹی ٹرمینل مینجرظہیر اورملک اکرم کو فوری طور پر معطل کرنے  کا حکم دے دیا اورصورتحال کو پیشہ وارانہ اندازسے نمٹنے میں ناکامی پر مذکورہ افسران کے خلاف انضباطی کاروائی کا حکم دیا ہے۔

عبوری رپورٹ موصول ہونے پر ہوابازی ڈویژن کو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی  کی ہدایت کی ہے۔ اسٹیشن منیجر پی آئی اے اسلام آباد پرویز نصیر اور ان کی پوری ٹیم کو معطل کرنے اور ان کے خلاف انضباطی کاروائی شروع کرنے کا حکم بھی دیاہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بریگیڈئیر عرفان ظفر کی سربراہی میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دیا گیا ہے جو اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے مسافروں کے لڑائی جھگڑے کی تحقیقات کرے گا اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952کے تحت واقعے میں ملوث اے ایس ایف اہلکاروں کےخلاف 10 روز میں کاروائی مکمل کرے گا۔

سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور اے ایس ایف کو فوری طور پر وزیرِاعظم کے حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments are closed.