کسی مذموم مقصد کیلئے قربانیوں کے ثمرات رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قوم، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے ثمرات کو کسی مذموم مقصد کے لیے رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس جنرل ہیڈ کواٹرز راولپنڈی میں ہوئی، جس میں ملک کی داخلی  و خارجی سلامتی، مشرقی سرحد، جیو اسٹریٹجک حالات،  ایل او سی ، خطے کی سیکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔کور کمانڈرز نے اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ  پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہتر امن واستحکام کی صورتحال قوم، ریاستی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے اور ان قربانیوں کے ثمرات کو کسی بھی مذموم مقصد کے لیے رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ اہم قومی معاملات پر تمام شراکت داروں کی مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لئے انتہائی ضروری ہے، پاک فوج  ملکی اداروں کی مدد کے لیے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی، افواج پاکستان مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

Comments are closed.