اسلام آباد: وفاقی کابینہ اجلاس میں نیشنل وہیکل پالیسی سمیت 10 نکات کی منظوری دے دی گئی جب کہ نادرا اکاونٹس کے آڈٹ کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وفاقی ترقیاتی ادارے کی تنظیم نو پر رپورٹ کابینہ کو پیش کی گئی۔ کابینہ نے قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی اصولی منظوری دے دی۔ کابینہ نے نادرا اکاونٹس کے آڈٹ کا معاملہ موخر کر دیا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے ای سی سی اور کابینہ کی قانون سازی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔ جب کہ کرتارپور راہداری اور اس سے متعلق فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔
کابینہ نے نیشنل وہیکل پالیسی کی بھی منظوری دی جس پر مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے بتایا کہ پالیسی سے ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ملکی ذرمبادلہ میں بھی اضافے کا باعث بنے گی۔
وفاقی کابینہ نے سید علی جاوید ہمدانی کو نیشنل پاور پارک مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور میجر جنرل عامر مجید کی بطور ڈی جی رینجر پنجاب تعیناتی کی منظوری بھی دی۔ نادرا اکاؤنٹس کے آڈٹ کا معاملہ موخر کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ نادرا کے اکاؤنٹس کا آڈٹ بہترین فرم سے کروا کر رپورٹ جمع کروائی جائے۔
Comments are closed.