اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کا راستہ بند نہیں کرے گی تاہم مولانا کی تمام خواہشات اور ارمانوں کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔
شہدائے جموں کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ نہیں بلکہ یرغمال مارچ ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کارکنان بارش میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جب کہ ان کے قائد گرم بستروں میں آرام فرما رہے ہیں جو کہ کھلا تضاد ہے،آزادی مارچ کے شرکاء سے ہمدردی ہے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن شرکاء کو بھی سوچنا چاہئے کہ ان کیلئے ان کے قائدین کے دل میں کتنا درد ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت مذاکرات کا راستہ بند نہیں کرے گی تاہم مولانا فضل الرحمان کے تمام ارمان اور خواہشات پوری نہیں کی جا سکتی، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے ملک کو اس ہیجان سے نکالنے میں کردار ادا کریں گی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسپتال سے گھر منتقلی کے معاملے پر حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اسپتال میں بہترین طبی سہولیات چھوڑ کر گھر میں علاج کرانے کیلئے جاتی امراء منتقل ہو چکے ہیں، امید ہے جس مقصد کے لئے عدالت نے مریم نواز کو ضمانت دی ہے وہ اسے پورا کریں گی اور اپنے والد کی بہترین تیمارداری اور نرسنگ کریں گی۔
Comments are closed.