اسلام آباد: حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت پر دباؤ مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،اکرم درانی کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ 2 روز کے بعد نیا رخ اختیار کرے گا۔
اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جے یو آئی (ف) کے رکن اکرم درانی کا کہنا تھا کہ موسم کی سختی کے باوجود مناسب انتظامات نہیں کرنے پر افسوس ہے تاہم کارکن پر عزم ہیں اور ایک ماہ بھی دھرنے میں رہنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ‘مولانا فضل الرحمان نے چوہدری پرویز الہی سے کہا ہے کہ جو فیصلہ ہو گا رہبر کمیٹی کے ممبران کے زریعے ہی ہو گا’۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ 2 روز کے بعد نیا رخ اختیار کرے گا، تمام جماعتوں نے اتفاق کیا ہے حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے، حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز ہیں تاہم مناسب وقت پر رہبر کمیٹی اپنے فیصلوں سے آگاہ کرے گی۔
رہبر کمیٹی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے نیئر بخاری، فرحت اللہ بابر، مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق، امیر مقام، جمعیت علما پاکستان کے اویس نورانی، جمعیت اہل حدیث کے شفیق پسروری، قومی وطن پارٹی کے ہاشم بابر، نیشنل پارٹی کے سینیٹر طاہر بزنجو اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان کاکڑ نے شرکت کی۔
Comments are closed.