نواز شریف کی آئندہ ہفتے بیرون ملک روانگی، لندن میں انتظامات مکمل، ڈاکٹرز کا پینل تشکیل

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی علاج کے لیے آئندہ ہفتے لندن روانگی متوقع ہے۔ اس کے لئے اسحاق ڈار نے برطانیہ میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں، ہارلے سٹریٹ کلینک میں ڈاکٹرز کا پینل تشکیل دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان اور (ن) لیگ کے سینئر رہنماؤں کے اہم اجلاس میں فیصلہ نوازشریف کا علاج لندن سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف اورمریم نواز کے لندن جانے کا امکان ہے۔

(ن) لیگی ذرائع کے مطابق نوازشریف کے علاج کے لئے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے لندن میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں،لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں ڈاکٹرز کا پینل تشکیل دیدیا گیا ہے۔ نواز شریف کا لندن پہنچتے ہی علاج شروع کر دیا جائے گا۔

 نوازشریف کے ساتھ شہبازشریف بھی جائیں گے اور بیرون ملک علاج کے لئے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا بھی نوازشریف کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے کا امکان ہے۔ مریم نوازکے پاسپورٹ کی واپسی کے لئے درخواست عدالت کے روبرو جمع کروائی جائے گی۔ وہ اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک ہی قیام کریں گی۔

نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی بیرون ملک علاج کے لئے جانے کا مشورہ دیا اور شریف خاندان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹس ٹھیک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی سفر کے لئے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونے چاہئیں۔

دوسری جانب حکومت نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے وفاقی کابینہ کو خط لکھا جائے گا۔ کابینہ سے منظوری کے بعد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا جس کے بعد سابق وزیراعظم بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔وزارت داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ درخواست کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات بروقت لئے گئے۔ وزارت داخلہ اپنی سفارش مجاز اتھارٹی کے سامنے رکھے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی اتوار اور پیر کی درمیانی رات لندن روانگی متوقع ہے۔ ان کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئر ایمبولینس تیار کر لی گئی ہے۔ پرائیویٹ ایئر ایمبولینس 10 نومبر اتوار کی شام پاکستان پہنچے گی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی چار مختلف ایئر لائنوں سے بکنگ بھی کرائی گئی ہے۔ شہباز شریف اور مریم نواز کے بیٹے اور سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ساتھ ہوں گے۔ روانگی کا حتمی پلان ای سی ایل سے نام نکلنے پر فائنل ہوگا۔

Comments are closed.