وزیراعظم کی سٹیزن پورٹل پر شکایات کو سنجیدہ نہ لینے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

محمد عمر

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سیٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کو سنجیدہ نہ لینے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے سیٹیزن پورٹل پرشہریوں کی شکایات کو سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام وزراتوں، محکموں اور اداروں کو جائزہ رپورٹ جمع کروانے کی بھی ہدایت کردی۔

پی ایم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں اور محکموں میں 5 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سربراہی 20 ویں گریڈ کا افسر یا جوائنٹ سیکرٹری کرے گا، کمیٹی متعین افسران کے پورٹل ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ جمع کروائے گی، کمیٹی اب تک کی تمام حل اورغیر حل شدہ شکایات میں خامیوں کی نشاندہی کرے گی۔تمام وزارتوں اور محکموں کی کمیٹیاں 30 روز میں وزیراعظم کو رپورٹ پیش کریں گی، جب کہ بدترین کارکردگی کے ذمہ داران کا تعین بھی کرے گی۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ سیٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات گائیڈ لائن کے مطابق حل کیے بغیر بند کی جا رہی ہیں، شکایات کا حل افسران بالا کی بجائے ماتحت اہلکاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے، افسران کے پاس شکایات کے حل کا کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہوتا، شکایات کے حل کا فیصلہ غیر متعلقہ افراد کرتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق شہریوں کو ردعمل دینے میں غیر ضروری وقت ضائع کیا جاتا ہے، ریلیف نہ دیے جانے کی ٹھوس وجوہات نہیں بتائی جاتی، جن شکایات پر ریلیف دیا گیا وہاں بھی صورتحال مختلف تھی، منفی فیڈ بیک کی روشنی میں سپروائزری سطح پر شکایات دوبارہ نہیں کھولی جاتی اور شکایات کے حل کا بیان اکثر گمراہ کن ہوتا ہے۔

Comments are closed.