متعدد وفاقی وزراء کی نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کی مخالفت

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ متعدد وفاقی وزراء نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرفواد چوہدری نے نوازشریف کو باہرجانے کی اجازت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں نوازشریف کا باہرجانا زیادتی ہوگی اور سب وزراء کا اس فیصلے پر اتفاق کرنا مشکل ہے، متعدد وفاقی وزراء نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے اور کابینہ کے تمام ارکان نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حامی نہیں۔

وزیر سائنس برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ (ن) لیگ کا بیانیہ ہے کہ نوازشریف کو باہر بھیجا جائے کیونکہ ملک میں ایسا کوئی اسپتال نہیں ہے، نوازشریف دوران اقتدار اتنے مصروف رہے کہ اپنے علاج کے لئے اسپتال نہیں بنا سکے، اس پرمسلم لیگ (ن) کو پہلے قوم سے معافی مانگی چاہیے کہ (ن) لیگ اپنے دور میں ایسا اسپتال نہیں بنا سکی جہاں نوازشریف کا علاج ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف کی جگہ میں ہوتا تو مر جانے کو ترجیح دیتا یہ نہ کہتا کہ یہاں میرے علاج کے لیے اسپتال نہیں ہے، بہرحال یہ بدقسمتی ہے، دیکھتے ہیں پارٹی اس معاملے میں کیا فیصلہ کرے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تاحال کابینہ کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری موصول نہیں ہوئی، اگر ان کا نام ای سی ایل میں ہے تو اسے نکالنے کے لیے کابینہ کی منظوری ضروری ہے، ابھی تک ایسی کوئی سمری کل کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔

Comments are closed.