اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی معیشت کا گراف گررہا اور وہ کشمیر کے معاملے پر بے نقاب ہو رہا ہے وہ خفت مٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن سمیت کچھ بھی کرسکتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ روز امریکی کانگریس کے ٹام لنٹاس کمیشن برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرسماعت کی،کمیشن نے بابری مسجد پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی تیزی سے بڑھ رہی ہے، مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک برتا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات بدستور بند ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، کمیشن نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت سے رجوع کرے، جب کہ امریکی کانگریس میں بھارت سے مقبوضہ کشمیر کامحاصرہ ختم کرنے کیلئے قرارداد پاس کی جائے، اس کے علاوہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت، پبلک سیفٹی ایکٹ ختم اور انسانی حقوق بحال کیے جائیں۔
وزیر خارجہ نے کہا اس پیش رفت سے بھارت اور بی جے پی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں، بھارتی معیشت بھی گر رہی ہے، اس لیے وہ کوئی حرکت کرسکتے ہیں، بھارت خفت مٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن سمیت کچھ بھی کر سکتا ہے۔انہوں نے پاکستان مخالف جعلی ویب سائٹس کے حوالے سے کہا پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ میں متحرک جعلی ویب سائٹس کا سراغ ملنا بڑی پیش رفت ہے۔
Comments are closed.