سابق وزیراعظم نوازشریف کا لندن کے گائز اینڈ تھامس اسپتال میں چیک اَپ

لندن: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اپنے میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن کے معروف گائز اینڈ تھامس ہاسپٹل پہنچ گئے ہیں۔

علاج کے لئے لندن میں موجود میاں محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز، حسین نواز اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان بھی ان کے ہمراہ اسپتال گئے، قائد ن لیگ کے گائز اینڈ تھامس ہاسپٹل میں خون، گردوں اور دل کے ٹیسٹ لئے گئے۔ ڈاکٹر عدنان کے مطابق نوازشریف کی طبیعت پہلے سے کچھ بہتر ہے۔ رپورٹس آنے کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا کہ میاں نواز شریف کو علاج کیلئے امریکا منتقل کیا جائے یا نہیں۔

لندن میں شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ قوم کی دعاؤں کے باعث نواز شریف لندن پہنچے ہیں۔ حسین نواز نے کہا کہ سیاسی بات نہیں کریں گے، پہلی ترجیح نواز شریف کا علاج ہے، اللہ تعالیٰ انھیں صحت دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سابق وزیراعظم نواز شریف ہیتھرو ایئرپورٹ سے سیدھے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پہنچے جہاں کارکنوں نے انہیں خوش آمدید کہا۔ ائیرپورٹ پر بھی شریف فیملی اور قریبی افراد موجود تھے۔

Comments are closed.