مافیا کو خوف ہے کہ ان کی دکانیں بند اور پیسہ پکڑا جائے گا، وزیراعظم عمران خان

محمد عمر

لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک بڑا مافیا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پیچھے پڑا ہے، اس مافیا کو خوف ہے کہ ان کی دکانیں بند اور پیسہ پکڑا جائے گا۔

دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور اور پشاور میں سموگ سے شہری بالخصوص بچے بہت زیادہ متاثر ہورہے ہیں، اسٹیل فرنس اوربھٹے اسموگ میں اضافے کی وجہ ہیں، لاہور میں گزشتہ 10 سال کے دوران 70 فیصد درختوں میں کمی آئی اور ماضی میں اسموگ کے مسئلے پر کبھی توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  حکومت نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے جامع پروگرام ترتیب دیا ہے، لاہور شہر میں بس سروس کو ہائی بریڈ کریں گے، اس عمل سے 90 فیصد فضائی آلودگی کم ہو جائے گی اور 3 سال میں واضح فرق نظر آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلیوں سے پہلے مشاورت کی گئی، پنجاب میں تبدیلیاں گورننس بہترکرنے کے لیے کی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ سب سمجھ رہے تھے حکومت چند دنوں کی مار ہے، حکومت بہت بڑے مافیا سے مقابلہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھرمقروض ہوجاتا ہے تو کچھ دیرمشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آج کل ملک مشکل وقت سے نکل رہا ہے، ملک کی معیشت ٹھیک ہورہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے، ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے، جس کا اعتراف ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستانی معیشت کی تعریف کر کے کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف  کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے دیا لیکن جلد عدالت میں میڈیکل رپورٹ سامنے آئے گی تو سب پتہ چل جائے گا انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑا مافیا عثمان بزدار کے پیچھے پڑا ہوا ہے، مافیا کو ڈر لگا ہوا ہے کہ ہماری دکانیں بند اور پیسہ پکڑا جائے گا، مافیا کی توجہ پاکستان نہیں بلکہ اپنا پیسہ بچانا ہے، ہم مافیا نہیں ہیں لوگوں کو قوم کا پیسہ نہیں کھلاسکتے۔  ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین 10دسمبر سے چلے گی۔

Comments are closed.