اسلام آباد: وزیراعظم آفس نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں پر اعتراضات عائد کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دئیے گئے ناموں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ وزیراعظم چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ غیرمتنازعہ شخصیت کو دینے پر تیار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصر محمود کھوسہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسیل سیکرٹری رہے ہیں، ناصر کھوسہ ورلڈ بینک سمیت شہباز شریف کے دور حکومت میں چیف سیکرٹری پنجاب تعینات رہے ہیں۔ انہیں شریف خاندان کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے، جب کہ جلیل عباس جیلانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رفقا میں سے ہے، اخلاق احمد تارڑ سابق وفاقی سیکرٹری کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے تین نام ارسال کیے تھے۔ شہباز شریف نے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام وزیراعظم کو بھجوا دئیے۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا میری دانست میں یہ ممتاز شخصیات اس منصب کے لئے نہایت مناسب اور اہل ہیں، امید ہے ان افراد کی اہلیت کی آپ پذیرائی کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر کے خط میں موقف اپنایا گیا کہ آرٹیکل 213 ٹو اے کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم قائد حزب اختلاف سے مشاورت کرے، آئین کے تحت آپ کو مشاورت کا یہ عمل بہت پہلے شروع کرنا چاہئے تھا، الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے سے بچانے کیلئے مشاورت کر رہا ہوں، ہمیں عدالتی حکم کا پورا احترام ہے، متعلقہ آئینی شقوں کو پورا کرنا لازم ہے۔
شہباز شریف نے خط چئیرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کے 5 نومبر کے مراسلے کے جواب میں لکھا۔ خط میں سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کے لئے 3، 3 نام بھی تحریر ہیں۔ سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام جبکہ بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی، محمد روف عطاء اور راحیلہ درانی کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔
مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے بھی الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کے لیے نام تجویز کیے، انہوں نے سندھ کے لیے جسٹس (ر) صادق بھٹی، جسٹس (ر) نور الحق قریشی اور عبدالجبار قریشی کے نام تجویز کیے گئے ہیں، بلوچستان سے ڈاکٹر فیض کاکڑ، نوید جان بلوچ ، امان اللہ بلوچ کے نام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے صوبائی الیکشن کمشنر کےلیے تین نام تجویز کردیے تھے جن میں جسٹس (ر) صادق حسین بھٹی، سابق جج نوراللہ قریشی اور عبدالجبارقریشی شامل ہیں۔
Comments are closed.