وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے

اسلام آباد/ کولمبو : وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں، سری لنکا کے نومنتخب صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں، بندرانائیکے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کولمبو پہنچنے پر سری لنکن وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ایمبیسڈر پی سلوراج اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پیر کو سری لنکا کے نومنتخب صدر، وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور انہیں منصب سنبھالنے پرمبارکباد دیں گے۔ شاہ محمود قریشی سری لنکن قیادت کو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تہنیتی پیغام بھی پہنچائیں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے دورہ سری لنکا کے دوران مقامی میڈیا سے گفتگو میں خطے کی صورتحال اور اہم علاقائی امور پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیرخارجہ کا دورہ سری لنکا  خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ یہاں وزیراعظم عمران خان اور صدر پاکستان عارف علوی کی طرف سے سری لنکا کی نئی قیادت کے نام خصوصی خط لے کر پہنچے ہیں، سری لنکا کے نومنتخب صدر اور وزیراعظم دونوں کے ساتھ ہماری گہری شناسائی ہے اور دونوں پاکستان کے اچھے دوست ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم گزشتہ دوادوار میں سری لنکا کے صدر رہ چکے ہیں ان کے ادوار میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تعلقات بہت مستحکم ہوئے، پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ مضبوط مراسم ہیں، دونوں ممالک کے پاس ایک دوسرے سے مستفید ہونے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا نے ایک دوسرے کی باہمی طور پر ہمیشہ معاونت اور بین الاقوامی سطح پر حمایت کی ہے۔

Comments are closed.