اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار سابق صدرآصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے ضمانت کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکر دی ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے طبی بنیادوں پردرخواست ضمانت دائرکی، جس میں نیب اوراحتساب عدالت نمبردوکوفریق بنایا گیا ہے۔
آصف علی زرداری نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور تین اسٹنٹ بھی ڈالے جاچکے ہیں، شوگر کا مرض ہے اور شوگر لیول کنٹرول کرنے کے لیے مستقل علاج کی ضرورت ہے۔ سابق صدر نے درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس منسلک کرکے استدعا کی کہ انہیں علاج کے لیے ضمانت پر رہا کیا جائے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے درخواست ضمانت میں موقف اپنایا ہے کہ وہ اسپیشل چائلڈ کی والدہ ہوں، اس کی دیکھ بھال کے لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواستیں بدھ کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے دو رکنی اسپیشل بینچ تشکیل دے دیا۔
Comments are closed.