بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، عالمی ادارے نوٹس لیں،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہاہے، عالمی قوانین کے رکھوالے کشمیر پر مودی سرکار کے غاصبانہ قبضے کا نوٹس لیں اور بھارت کے خلاف اقدام اٹھائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے روز دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیرکی طرف مبذول کراناہوگی، مقبوضہ کشمیرمیں چار ماہ سے زائد عرصے سے جاری بھارت کے غیرقانونی محاصرےکی مذمت کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی قوانین کے رکھوالے بھارت کے غاصبانہ قبضے کا نوٹس لیں، سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیرکے غیرقانونی الحاق پر بھارت کےخلاف اقدام اٹھائے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کےعالمی قوانین کی دھجیاں اڑارہاہے، کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جانے کا سلسلہ رکوایا جائے، حق خودارادیت کےلیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ مساوات، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کا پیغام نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے 1400 سال قبل دیا، انسانی حقوق کے عالمی دن پر مسلمانوں کو اپنے پیارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام یاد رکھنا چاہیے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بلاتفریق تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کےلیے پرعزم ہے۔

Comments are closed.