حکومت کا نواز شریف کو ملک واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم اور متعدد وفاقی وزراء مریم نواز کو والد سے ملنے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی مخالف
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے علاج معالجے کے لئے بیرون ملک جانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپس لانے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں، اس مقصد کے لئے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق تذکرہ ہوا۔ کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ضمانت ختم ہونے میں دو ہفتے رہ گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ضمانت کی مدت ختم ہونے پر نواز شریف کو وطن واپسی یقینی بنائی جائے،انہوں نے وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم اور متعدد وفاقی وزراء مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے مخالف
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی اجازت کیلئے لاھور ہائی کورٹ میں درخواست اور عدالت عالیہ کی جانب سے حکومت کو دی گئی ہدایت کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی مخالفت کی، انہوں نے کہا کہ حکومت کسی صورت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے۔ وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد وزراء نے بھی فیصل واوڈا کی رائے سے اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ایک ہفتے میں مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی اووربلنگ پر مراد سعید اور عمر ایوب میں گرما گرمی ہوئی۔ مراد سعید نے عمر ایوب کی جانب سے ریکوری کے اعدادو شمار پرسوالات اٹھائے اور کہا کہ ریکوری کے باوجود عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔
اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے بجلی بلوں اور مہنگائی میں اضافے پر حکومت کو انتباہ کیا اور کہا کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا تو حکومت کے لیے مزید مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
Comments are closed.