لاہور: حکومتی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے وفاقی حکومت سے پمز اسپتال میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کو تمام قانونی سہولتیں دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین سے مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پارٹی اور ملکی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کسی صوبے کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ ان کی صحت کے مسئلے کو صوبائیت کا رنگ نہ دیا جائے۔
چودھری شجاعت حسین نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت سابق صدر آصف زرداری کو علاج معالجے کے لئے قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے تا کہ مخصوص عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لئے اسے صوبائیت کے معاملے کا رنگ نہ دے سکیں۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے آصف علی زرداری کے سندھ میں ٹرائل کے پیپلز پارٹی کے مطالبے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ سندھ میں ان پر جو مقدمات ہیں، ان کا پنجاب میں ٹرائل کرنے سے صوبائیت کارڈ کھیلنے والے عناصر کو بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔
Comments are closed.