وزیراعلیٰ پنجاب کا پی آئی سی واقعہ میں جاں بحق افرادکے لواحقین کیلئے 10،10 لاکھ مالی امداد کا اعلان

لاہور: پنجاب حکومت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) واقعہ میں جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ  روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹرز اور عوام کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ بھی صوبائی حکومت کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس لاہور میں ہوا، جس میں صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، چیف سیکریٹری، ایڈووکیٹ جنرل اور آئی جی پنجاب سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

اجلاس میں پی آئی سی میں پیش آنے والے واقعے کے مختلف پہلوؤں اور کیس پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حفاظتی انتظامات کے تحت رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے اور اسپتال میں ہنگامہ آرائی کے دوران ٹوٹنے والے سامان کی مرمت اور تبدیلی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جب کہ پنجاب کے تمام اسپتالوں میں معمول کے مطابق کام ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہنگامہ آرائی کے دوران طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کے لیے 10، 10 لاکھ  روپے مالی امداد کا اعلان کیا، اور کہا کہ ڈاکٹروں اور عوام کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ بھی صوبائی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی معاوضہ، ڈاکٹرز اور عوام کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کی رقم ایک دن میں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی آئی سی میں آلات، مشینری اور دیگر سامان کو جلد ازجلد درست حالت میں لایا جائے، اور اسپتال کی ایمرجنسی کو فعال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کی جلد بحالی اولین ترجیح ہے، پنجاب حکومت ایمرجنسی سروسز کی بحالی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا ۔

Comments are closed.