سابق صدر آصف علی زرداری منی لانڈرنگ، پارک لین ریفرنسز میں ضمانت پر رہا

اسلام آباد: میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں ضمانت منظور ہونے اور ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کو رہا کر دیا گیا، سابق صدر کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جمعہ کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔

آصف علی زرداری کے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں ضمانتی مچلکے منظور کیے جانے کے بعد دونوں مقدمات میں الگ الگ روبکاریں جاری کی گئیں۔ توقیر خان اور رب نواز سابق صدر کے ضامن بنے۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ضامنوں سے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے نہ کہ آپ کس کے ضامن بن رہے ہیں؟ جس پر ضامنوں نے جواب دیا کہ ہمیں معلوم ہے۔

آصف زرداری کی جانب سے مچلکے عدالت میں جمع کرانے کے بعد عدالت نے روبکار جاری کر کے ملزم کی رہائی کا حکم دیا۔ جس کے بعد پمز ہسپتال سب جیل سے آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ آصف زرداری کو نیب کی جانب سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں 10 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ادھر کلفٹن کے نجی ہسپتال میں سابق صدر آصف زرداری کیلئے کمرہ تیار کر لیا گیا ہے۔ سابق صدر ضیا الدین ہسپتال کے وی آئی پی سویٹ ٹو میں رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے علاج کیلئے خصوصی سٹاف کو بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔ سابق صدر کے ٹیسٹ کے بعد معالج کا تعین کیا جائے گا۔

ہسپتال پہنچنے کے بعد سابق صدر کے مختلف ٹیسٹ ہوں گے۔ آصف زرداری کو کمر اور ریڑھ کی ہڈی میں درد کی شکایات ہیں جبکہ ان کے دل میں تین سٹنٹ ہیں جس کی وجہ سے انجیو پلاسٹی کا بھی امکان ہے۔

صوبائی وزیر ناصر شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے، وہ آج رات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے، انھیں آج کراچی منتقل نہیں کیا جا رہا۔

Comments are closed.