واشنگٹن/ اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ نے پاکستان کے لئے قرض پروگرام کی 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنےکی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم فوری طور پر پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔
آئی ایم ایف کے واشنگٹن میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام میں سے 45کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کی منظوری دی گئی، اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی دوسری قسط کی منظوری معاشی اصلاحات پر عملدرآمد کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے بیش تر اہداف حاصل کر لئے ہیں، حکومت پاکستان نے معاشی نظم و ضبط قائم کیا اور معاشی اصلاحات کیں، توقع ہے کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف پر عمل درآمد تیز کرے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان منی لانڈرنگ کے فریم ورک پر پیش رفت تیزکرے، اسٹیٹ بینک کو فیصلوں میں خود مختاری کی حمایت کریں گے، معاشی اصلاحات میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کریں گے، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عمل پیرا ہے اور اس کے مثبت نتائج واضح ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے سماجی تحفظ کو بہتر بنا رہا ہے، صنفی تفریق میں کمی ہوئی ہے۔
Comments are closed.