ایل او سی پرکشیدگی؛دوپاکستانی فوجی شہید،جوابی کارروائی میں 3بھارتی فوجی ہلاک، چوکی تباہ

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزیاں نہ رک سکیں۔ پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کامنہ توڑ جواب دیا، بھارتی فوج کا صوبیدار، دو سپاہیوں سمیت ہلاک، متعدد زخمی جب کہ دشمن کی چوکی بھی تباہ کردی گئی۔

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرفائربندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، حاجی پیرسیکٹر میں پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا صوبیدار دو سپاہیوں سمیت ہلاک، چیک پوسٹ تباہ کردی، دیوا سیکٹر میں دشمن سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے نائب صوبیدار اور سپاہی شہید ہوگئے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 36 گھنٹے کے دوران لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج بھرپورانداز میں جواب دے رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے حاجی پیر سیکٹرمیں پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا ایک صوبیدار اور دو سپاہی ہلاک، متعدد زخمی ہوئے جب کہ ان کی چیک پوسٹ تباہ کردی گئی۔

دوسری جانب دیوا سیکٹر میں دشمن سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے نائب صوبیدار قندیرو اور سپاہی احسان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے نائب صوبیدار قندیروپنوں عاقل کے گاؤں گنھ انور خاصخیلی جب کہ سپاہی محمد احسان جہلم کے علاقے پنڈ دادن خان کا رہائشی تھا۔

Comments are closed.