5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی آگ اب پورے بھارت میں پھیل چکی ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت نے مسلم کش اور ہندوتوا سوچ نے پورے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے مودی سرکار نے پانچ اگست کو جو آگ مقبوضہ جموں و کشمیر لگائی تھی آج وہ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا مشاورتی اجلاس وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں ہوا، جس میں مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 144 دن گزر چکے، بھارت نے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کرکے دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے اصل حقائق تک رسائی سے محروم رکھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مودی سرکار کی مسلم کش اور ہندوتوا سوچ نے پورے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے، سیکولر ہندوستان کے حامی گلی گلی نگر نگرترمیمی شہریت کے امتیازی قانون اور این آر سی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانچ اگست کو جو آگ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لگائی تھی وہ اب پورے بھارت میں پھیل چکی ہے، مودی سرکار اپنے داخلی انتشارسے توجہ ہٹانے کیلئے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اس ارض وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، پاکستان، مقبوصہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔

وزیرخارجہ نے سابقہ خارجہ سیکریٹریزکو مقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال کے حوالے سے صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے اپنے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا، دوران اجلاس اہم خارجہ پالیسی امور پر،اس مشاورتی سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Comments are closed.