لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ حکومت قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) اور انسداد منشیات فورس کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔
جج ارشد ملک ویڈیو کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں آج مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر پرویز رشید ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے جب کہ عظمٰی بخاری غیرحاضر رہیں اور ان کے وکیل نے پیشی کے لیے نئی تاریخ کی درخواست دی۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایف آئی اے کا جو کام ہے اس سے وہ کام نہیں لیا جا رہا بلکہ اس سے بھی اسی طرح کام لیا جا رہا ہے جیسے نیب سے لیا جاتا رہا۔ پرویز رشید نے بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے ایسے سوال پوچھے جن کا نہ سر تھا نہ پیر، ایف آئی اے حکام نے پوچھا کہ پریس کانفرنس میں کون کون تھا؟ جب کہ پریس کانفرنس میں کون کون تھا سب کو پتا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ حکام نے پوچھا ویڈیو کس نے دی اور یہ بھی سب کو پتا ہے کہ ویڈیو کس نے دی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے دوبارہ مجھے طلب کرنے کے حوالے سے پوچھا جس پر میں نے جواب دیا ہے کہ جب بلائیں گے میں حاضر ہوں۔
علاوہ ازیں انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کا مذاق بنا دیا ہے، ایف آئی اے کی طلبی سے مہنگائی کم نہیں ہوگی اس لیے حکومت عوامی مسائل دور کرنے پر توجہ دے۔
وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ شخص جو کہتا تھا کہ این آر او نہیں دوں گا، اب اپنے دوستوں کو این آر او دے رہا ہے۔ اے این ایف اور نیب کے بعد ایف آئی اے کو بھی سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے مگر تینوں ادارے ناکام ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف حنیف عباسی اور رانا ثنا اللہ کے کیس میں ناکام ہوئی، کیا حکومتوں کا کام یہ ہے کہ اداروں کو ناکامی کے سرٹیفکیٹس دلوائے؟
بعد ازاں نواز شریف کے وطن واپسی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت بہتر نہیں ہے انہیں دعاؤں کی ضرورت ہے، وہ جیسے ہی صحتیاب ہوں گے وطن واپسی میں ایک منٹ کی تاخیر نہیں کریں گے۔
Comments are closed.